کراچی (ہینڈ آئوٹ) آئی جی سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو کی زیرِ صدارت سندھ پولیس میں شعبۂ فضائی نگرانی کے قیام سے متعلق ایک اہم اجلاس سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈی آئی جیز ہیڈکوارٹرز، اسٹیبلشمنٹ، آئی ٹی، ٹی اینڈ ٹی، ڈی جی سیف سٹیز اتھارٹی اور اے آئی جیز نے بالمشافہ شرکت کی، جبکہ ڈی آئی جی سکھر، لاڑکانہ اور متعلقہ ایس ایس پیز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے شرکاء کو ڈی آئی جی آئی ٹی کی جانب سے فضائی نگرانی کے موجودہ نظام، جدید ٹیکنالوجی، ڈرونز اور دیگر آلات کے استعمال، تربیتی ضروریات اور اس کے عملی فوائد پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں شریک افسران نے فضائی نگرانی سے متعلق اپنے تجربات، تجاویز اور ممکنہ چیلنجز پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔
اس موقع پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ فضائی اور ڈیجیٹل نگرانی جدید پولیسنگ کا ناگزیر تقاضا اور مستقبل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور فضائی نگرانی کے نظام کے ذریعے پولیسنگ اور سرویلنس نہ صرف آسان بلکہ مزید مؤثر اور قابلِ اعتماد بنائی جا سکتی ہے. انہوں نے مزید کہا کہ شہری علاقوں، اہم شاہراہوں، ریلوے ٹریکس، ہائی ویز اور کچے کے علاقوں میں مسلسل فضائی نگرانی جرائم کی بروقت روک تھام، مشکوک سرگرمیوں کی نشاندہی اور فوری کارروائی کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
آئی جی سندھ کے مطابق ڈیجیٹل اور فضائی نگرانی کے مؤثر استعمال سے ٹریفک مینجمنٹ، ہجوم پر قابو، عوامی اجتماعات کی نگرانی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر انہوں نے ہدایت دی کہ مجوزہ کمیٹی شعبۂ فضائی نگرانی کے قیام کے لیے تمام دستاویزی امور، تکنیکی ضروریات اور تربیتی پروگرامز پر مشتمل جامع اور قابلِ عمل سفارشات جلد از جلد پیش کرے۔ انہوں نے تمام متعلقہ ڈی آئی جیز، بالخصوص سکھر اور لاڑکانہ کو ہدایت دی کہ وہ آپریشنل ضروریات کے مطابق اپنی جامع سفارشات کمیٹی کو پیش کریں۔
سندھ پولیس میں شعبۂ فضائی نگرانی کے قیام کا فیصلہ



