پولیس ہیڈکوارٹرز گارڈن میں باکسنگ اکیڈمی قائم

کراچی، 17 اپریل 2026: انسپکٹر جنرل سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو نے پولیس ہیڈکوارٹرز گارڈن ساؤتھ میں قائم “سندھ پولیس باکسنگ اکیڈمی” کا افتتاح کر دیا۔ یہ اکیڈمی سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ اور میڈیکیم گروپس آف پاکستان کے اشتراک سے جدید سہولیات کے ساتھ قائم کی گئی ہے۔
افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، چیئرمین میڈیکیم گروپس خلیل نینی تال والا، رکن قومی اسمبلی شہلا رضا، چیئرمین سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ و ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ، اے آئی جی ویلفیئر، میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر چیئرمین سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ پیر محمد شاہ نے کہا کہ ماضی میں سندھ پولیس نے مختلف کھیلوں میں قومی سطح کے نمایاں کھلاڑی پیدا کیے، تاہم پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور دہشت گردی جیسے چیلنجز کے باعث کھیلوں کی سرگرمیوں میں طویل وقفہ آ گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 25 برسوں کے دوران قربانیوں کے بعد اب قیادت کے وژن کے مطابق سندھ پولیس دوبارہ کھیلوں کے میدان میں قدم رکھ رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس سے قبل باکسنگ کے کھلاڑیوں کو رزاق آباد ٹریننگ سینٹر جانا پڑتا تھا جو کافی دور تھا، تاہم اب گارڈن ہیڈکوارٹرز میں جدید اکیڈمی کے قیام سے کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ ان کے مطابق مستقبل قریب میں اس اکیڈمی سے قومی سطح کے باکسنگ چیمپئنز سامنے آئیں گے جبکہ فٹبال، جوڈو، کراٹے اور دیگر کھیلوں کی اکیڈمیز بھی جلد قائم کی جائیں گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شہر کے امن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ امن کے قیام کے بعد اب پولیس کو ترقی کی نئی منزلوں کی جانب لے جایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے لیے جسمانی فٹنس لازمی ہے اور کھلاڑی سندھ پولیس کا چہرہ اور نمائندے ہوتے ہیں جو ادارے کا نام روشن کرتے ہیں۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ پولیس ماضی میں اظہر محمود جیسے نامور کھلاڑی پیدا کر چکی ہے اور انہیں یقین ہے کہ پیر محمد شاہ کی قیادت میں سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے گی اور اسپانسرشپ، فنڈز اور بنیادی سہولیات کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
آئی جی سندھ نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ بیک وقت پولیس اہلکار اور اسپورٹس مین ہونے کے ناطے دوہری ذمہ داری نبھائیں، طلبہ کی کوچنگ کے ساتھ ان کی رہنمائی کریں اور نئی نسل کو منشیات سے دور رکھ کر صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کریں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اکیڈمی کراچی کی ایک نمایاں باکسنگ اکیڈمی بنے گی جہاں مفت کوچنگ اور کلاسز فراہم کی جائیں گی تاکہ نوجوانوں کی مثبت تربیت کو فروغ دیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں