طالبات سے لوٹ مار، نیو ٹائون پولیس کے خلاف کارروائی کا حکم

کراچی (26 مارچ 2026): آئی جی سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو نے نیوٹاؤن تھانے کی حدود میں واقع جناح میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی طالبات سے پیش آنے والے لوٹ مار کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او اور پولیس پارٹی کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے.
تفصیلات کے مطابق نامعلوم ملزمان نے طالبات کو نشانہ بنا کر ان سے قیمتی اشیا چھین لیں اور موقع سے فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد متاثرہ طالبات میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
آئی جی سندھ کے ترجمان سید سعد علی کے مطابق آئی جی سندھ نے متعلقہ ایس ایچ او اور سیکیورٹی پر مامور دیگر اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ متاثرین اور چشم دید گواہوں کے بیانات کی روشنی میں ملزمان کی فوری شناخت کی جائے اور ملوث گروہ کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ جناح میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج شاہراہِ شہیدِ ملت اور دھوراجی کے سنگم پر واقع ہے، یہ جگہ نیوٹاؤن پولیس اسٹیشن سے تقریباً 3 سے 4 کلومیٹر دور ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں