اسپیشل برانچ کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت

کراچی (ہینڈ آئوٹ) انسپکٹر جنرل سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو نے اسپیشل برانچ ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں ان کی آمد پر ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ شرجیل کھرل اور ڈی آئی جی اسپیشل برانچ نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے آئی جی سندھ کو سلامی بھی پیش کی۔
دورے کے دوران ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ نے آئی جی سندھ کو شعبے کے اغراض و مقاصد، تنظیمی ڈھانچے، مختلف شعبہ جات کی کارکردگی، ڈیجیٹلائزیشن اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہیں وی آئی پی سیکیورٹی اور تھریٹ اسیسمنٹ سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا، جبکہ فورس کی ویلفیئر اور تربیت کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
آئی جی سندھ نے اسپیشل برانچ کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے اور مؤثر و کامیاب پولیسنگ کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ انٹیلیجنس کلیکشن اور رپورٹنگ کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے اور شعبے میں انٹیلیجنس کلیکشن و اسیسمنٹ کے عمل کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹلائز کیا جائے۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے اسپیشل برانچ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید بہتری کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں