سانحہ گل پلازہ پر سیاست چمکاناافسوسناک ہے، وقاصی

کراچی -ترجمان میئر کراچی اور بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار کے بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گل پلازہ سانحہ جیسے حساس معاملے پر سیاست چمکانے کی کوشش انتہائی افسوسناک، غیر ذمہ دارانہ اور کھلی گمراہ کن مہم ہے۔
اپنے ایک بیان میں‌انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پر بے بنیاد الزامات عائد کرنا دراصل اپنی سیاسی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی بھونڈی کوشش ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ تحقیقات کا عمل ایک قانونی اور حساس مرحلہ ہوتا ہے، جسے محض پوائنٹ اسکورنگ کیلئے استعمال کرنا عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔
ترجمان میئر کراچی نے جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان کے بیانات پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دعوؤں اور حقیقت میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند نمائشی اقدامات اور محدود نوعیت کے منصوبوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنا عوام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔ انہوں ںے کہا کہ جماعت اسلامی کا نظریہ صرف اور صرف غیر تعمیری تنقید پر منحصر ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریات صرف عوام کی خدمت ہے جس پر میئر کراچی اور ان کی ٹیم دن رات عمل پیرا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں