کراچی میں‌بجلی کی لوڈشیڈنگ، حکومت کا غریبوں کے لیے ٹارگیٹڈ سبسڈی پر غور

کراچی (29 اپریل): وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمۂ توانائی اور کے-الیکٹرک کو ہدایت دی ہے کہ وہ کراچی کے بجلی صارفین کے لیے ایک ٹارگیٹڈ سبسڈی پروگرام ترتیب دیں، جس کا مقصد غریب گھرانوں کو ریلیف فراہم کرنا ہو.انہوں نے کم آمدنی والے محلّوں اور صنعتی علاقوں کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے تجاویز تیار کرنے کی بھی ہدایت کی، اور اس بات پر زور دیا کہ گرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی غریب علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے۔
وزیراعلیٰ‌ہائوس کے ترجمان کے مطابق یہ ہدایات انہوں نے بدھ کے روز وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں کے-الیکٹرک کے چیئرمین شہریار چشتی سے ملاقات کے دوران جاری کیں۔ اجلاس میں کے-الیکٹرک کے سی ای او سید طاحہ سمیت دیگر حکام شریک تھے، جبکہ پرنسپل سیکریٹری وزیرِ اعلیٰ آغا واصف اور سیکریٹری توانائی شہاب انصاری بھی اجلاس میں موجود تھے۔
کم مراعات یافتہ علاقوں میں طویل بجلی کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ گرمیوں کی آمد نے کم آمدنی والے طبقات کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، اور اس بات پر زور دیا کہ غریب علاقوں‌میں لوڈشیڈنگ کو کم کرنے کے لیے حل تلاش کرنا ضروری ہے،.
وزیرِ اعلیٰ نے کہا، “ہم چاہتے ہیں کہ لوڈشیڈنگ میں کمی کی جائے، خصوصاً کم آمدنی والے علاقوں میں، اور ایک پائیدار حل نکالا جائے تاکہ غریب عوام طویل بجلی بندش کے بوجھ تلے نہ دبیں۔”
اجلاس کے دوران مراد علی شاہ نے ہدایت دی کہ کراچی کے بجلی صارفین کے لیے ایک ٹارگیٹڈ سبسڈی پروگرام پر کام کیا جائے، تاکہ کمزور گھرانوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
طویل مدتی حل پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے سستی بجلی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا، اور تجویز دی کہ تھر سے پیدا ہونے والی کم لاگت بجلی کے-الیکٹرک کو فراہم کی جائے تاکہ اسے غریب علاقوں میں بلا تعطل اور مناسب نرخوں پر مہیا کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں