کراچی (ہینڈ آئوٹ) آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیرِ صدارت ٹریفک انتظامات اور فیس لیس ای ٹکٹنگ سسٹم کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ہوا جس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت سندھ پولیس کے مختلف شعبوں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی، جن میں ہائی ویز پیٹرولنگ، سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی ڈویژن، ہیڈکوارٹرز، ٹریفک کراچی، ٹی اینڈ ٹی، آئی ٹی اور سیف سٹی اتھارٹی کے نمائندے شامل تھے۔
اجلاس کے دوران ڈی آئی جی ٹریفک کراچی سید پیر محمد شاہ نے شرکاء کو رمضان المبارک کے آخری عشرے میں کیے گئے ٹریفک انتظامات اور ٹریفک ریگولیشن اینڈ سائیٹیشن سسٹم (TRACS) کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 27 اکتوبر 2025 سے اب تک تقریباً 6 لاکھ ای ٹکٹس جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ نظام کی بہتری، عوامی سہولت اور خدمات میں اضافے کے لیے مختلف اقدامات بھی جاری ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق عید کے بعد بغیر نمبر پلیٹ موٹرسائیکلیں چلانے والوں اور TRACS سسٹم کے تحت بلیک لسٹ کی گئی 23 ہزار گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے شہر میں حالیہ دنوں کے دوران ٹریفک حادثات میں اچانک اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کو ہدایت دی کہ تمام واقعات کی شفاف اور جامع تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ رپورٹ میں حادثات کی وجوہات اور ان کی روک تھام کے لیے مؤثر تجاویز بھی شامل کی جائیں۔
انہوں نے رمضان المبارک کے دوران ٹریفک پولیس کراچی کی مجموعی کارکردگی کو قابلِ اطمینان قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ہیوی وہیکلز کے ڈرائیورز اور موٹرسائیکل سواروں کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔
آئی جی سندھ کی زیر صدارت اجلاس، ٹریفک انتظامات پر اطمینان کا اظہار



