کراچی (پریس رلیز) ایم کیو ایم پاکستان کے رکنِ سندھ اسمبلی محمد عامر صدیقی نے کراچی میں ٹریفک کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کو ایک خط ارسال کیاہے، جس میں شہر میں ٹریفک کے نظام کی فوری بہتری کے لیے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اپنے خط میں ایم پی اے محمد عامر صدیقی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ محدود پیمانے پر ای چالان سسٹم کے نفاذ کے بعد کراچی میں ٹریفک کی بدانتظامی نے سنگین شکل اختیار کر لی ہے۔ ای چالان سسٹم کے نفاذ کے بعد متعدد ٹریفک پولیس کانسٹیبلز نے اپنا تبادلہ ریگولر پولیس میں کروا لیا ہے، جس سے ٹریفک پولیس کی دستیاب نفری مزید کم ہو گئی ہے اور نظامِ ٹریفک متاثر ہوا ہے۔ٹریفک پولیس کی نفری میں شدید کمی کے باعث اسکول جانے والے بچے، دفتری ملازمین اور عام شہری روزانہ گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہتے ہیں۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ ای چالان سسٹم اس وقت صرف چند مخصوص مقامات تک محدود ہے جبکہ شہر کے بیشتر علاقوں میں غلط سمت ڈرائیونگ، سگنل کی خلاف ورزی اور دیگر ٹریفک قوانین کی کھلی خلاف ورزیاں معمول بن چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موثر نگرانی نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک کا بہاؤ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
ٹریفک اہلکاروں کی بڑی تعداد نے اپنا تبادلہ کرالیا، عامر صدیقی



