خطرناک بیماریوں سے آگاہی کے لیے شفا اور بہار فائونڈیشن کی ریلی

کراچی (پریس رلیز) شفا فاؤنڈیشن کی جانب سے بہار فاؤنڈیشن کے اشتراک سےعالمی ہفتۂ حفاظتی ٹیکہ جات کے موقع پر ایک باوقار اور بامقصد آگاہی ریلی کے بعد یونین کونسل-7، سہراب گوٹھ ٹاؤن، ضلع شرقی کراچی میں ایک حفاظتی ٹیکہ جات کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریلی اور امیونائزیشن کیمپ کا بنیادی مقصد عوام میں بچوں کو بارہ جان لیوا بیماریوں سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات کی اہمیت اجاگر کرنا تھا۔
ریلی مرکزی سڑک سے ہوتی ہوئی کامیابی کے ساتھ منہنجی امڑ پبلک لائبریری کراچی پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر مقامی رہائشیوں، اسکول کے طلبہ، اساتذہ اور کمیونٹی کے معززین کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔
اجتماع کے دوران شفا فاؤنڈیشن کے نمائندگان میں مس سحر علی، سارانگ ابڑو، کریم شیرازی، وسیم خان، صدف نذیر اور کائنات شامل تھے، جبکہ بہار فاؤنڈیشن کے سی ای او مسٹر سچل ودھو، اسکول کے پرنسپل نور احمد اور عرفان عباسی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے بارہ خطرناک بیماریوں کے خطرات پر روشنی ڈالی اور بچوں کے لیے بروقت ویکسینیشن کی اہمیت پر زور دیا۔

ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر شفا فاؤنڈیشن مس سحر علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ شفا فاؤنڈیشن، گاوی (Gavi) اور حکومت سندھ کے تعاون سے بچوں کو ان بارہ جان لیوا بیماریوں سے بچانے کے لیے مفت حفاظتی ٹیکہ جات کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے والدین اور سرپرستوں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے اپنے بچوں کی بروقت ویکسینیشن کو یقینی بنائیں۔
اس موقع پر تمام اساتذہ، طلبہ، بہار فاؤنڈیشن اور ریلی میں شرکت کرنے والے ہر فرد کا دلی شکریہ ادا کیا گیا۔ عوام سے پُرزور اپیل کی گئی کہ وہ اپنے بچوں کی صحت کو ترجیح دیتے ہوئے مکمل حفاظتی ٹیکہ جات کو یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں