ورجینیا (رپورٹ: ضیاء قریشی) امریکہ آئی ہوئی سندھی اور اردو ڈراموں کی معروف اداکارہ نجمہ کاوش نے عندیہ دیا ہے کہ وہ مستقبل میں امریکا میں مستقل رہائش اختیار کرتے ہوئے اداکاری کے شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکتی ہیں۔
نجمہ کاوش نے امریکا میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی چھوٹی بیٹی روبا سلیم نے امریکا میں آئی ٹی کے شعبے میں ماسٹرز کی ڈگری مکمل کی ہے، جس کی ڈگری تقسیم کی تقریب میں شرکت کے لیے وہ امریکا آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سے قبل بھی متعدد بار امریکا آ چکی ہیں، جبکہ ان کی بڑی بیٹی بھی امریکا میں زیرِ تعلیم ہے اور تیسری بیٹی برطانیہ میں تعلیم حاصل کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ امریکا کے مختلف مقامات کی سیر کر چکی ہیں اور انہیں ایک موقع پر گرین کارڈ بھی ملا تھا، تاہم اس وقت ان کے بچے سندھ میں مقیم تھے، اسی وجہ سے انہوں نے گرین کارڈ واپس کر دیا کیونکہ وہ بچوں کے بغیر اکیلے امریکا میں رہنا نہیں چاہتی تھیں۔
ایک سوال کے جواب میں نجمہ کاوش نے کہا کہ اب ان کے بچے امریکا میں موجود ہیں، اس لیے ممکن ہے کہ مستقبل میں وہ بھی یہاں منتقل ہو جائیں اور امریکا میں اداکاری کے میدان میں کام کریں، تاہم یہاں ایک مضبوط ٹیم بنانا ایک مشکل مرحلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اداکار سہراب سومرو اور دیگر ساتھی فنکار بھی امریکا میں مقیم ہیں، مگر فاصلے زیادہ ہونے کے باعث ملاقات مشکل ہو جاتی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ممکنہ ملاقات کے حوالے سے سوال پر نجمہ کاوش نے کہا کہ وہ کوئی بڑی سیاسی شخصیت تو نہیں مگر ایک اداکارہ ضرور ہیں۔ اگر انہیں صدر ٹرمپ سے ملاقات کا موقع ملا تو وہ امریکا میں مقیم سندھ کے لوگوں کی شفارش کروں گی اور انہیں سندھ کی ثقافتی شناخت کی علامت اجرک اور ٹوپی بطور تحفہ پیش کریں گی.
نجمہ کاوش کا امریکہ میں سکونت اختیار کرنے کا عندیہ



