سندھی کلچر امن اور رواداری کی پہچان ہے، رومہ مشتاق مٹو

کراچی (پریس رلیز) رکن سندھ اسمبلی اور پارلیمنٹری سیکریٹری برائے اقلیتی امور رومہ مشتاق مٹو نے سندھی ثقافت کے دن کے موقع پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں‌کہا ہےکہ سندھ کلچر ڈے ہمارے اُس تاریخی ورثے اور روحانی عظمت کا دن ہے جو اس دھرتی کو دنیا بھر میں امن، محبت اور رواداری کی پہچان دیتا ہے۔سندھ کی زمین صدیوں سے صوفیائے کرام کی تعلیمات کی محافظ رہی ہے، وہ تعلیمات جو ہمیں بھائی چارہ، ہم آہنگی اور برداشت کی نئی راہیں دکھاتی ہیں۔آج بھی سندھ کا ہر رنگ، ہر روایت اور ہر ثقافتی اظہار انسان دوستی کا روشن چراغ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کلچر ڈے ہمیں یاد دلاتا ہے کہ یہ تہذیب صرف ہمارا فخر ہی نہیں بلکہ ہماری اجتماعی شناخت بھی ہے، جسے سنبھالنا، آگے بڑھانا اور دنیا کے سامنے نمایاں کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔میں آج کے دن پوری دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ سندھ کی ثقافت امن، محبت، احترامِ انسانیت اور خوبصورتی کی جی جاگتی مثال ہے اور ہم اسے ہمیشہ اسی شان کے ساتھ آگے بڑھاتے رہیں گے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں