کراچی: سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کے ڈائریکٹر جنرل مزمل ہالیپوٹو نے شادی ہالوں سے متعلق نیب میں پیش کی گئی رپورٹ اور اس حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبروں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ایس بی سی اے کے ترجمان کے مطابق شہر بھر میں قائم تمام شادی ہالوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تین دن کے اندر اپنے متعلقہ دستاویزات جمع کرائیں، بصورتِ دیگر ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کے تحت شادی ہالوں کو صرف کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی مشروط اجازت دی گئی تھی، لیکن متعدد شادی ہالوں کی جانب سے کمرشلائزیشن کے چالان جمع نہیں کرائے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق:
• جن شادی ہال مالکان نے کے ڈی اے سمیت متعلقہ اداروں میں کمرشلائزیشن کے چالان جمع نہیں کرائے، ان شادی ہالوں کو سیل کیا جائے گا۔
• جن شادی ہالوں کے کمرشلائزیشن چالان اور منظوری سے متعلق دستاویزات موجود نہیں ہوں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں مسمار کیا جائے گا۔
ایس بی سی اے کے ترجمان نے واضح کیا کہ تین دن کی مہلت ختم ہونے کے بعد کسی بھی قسم کی کمی یا خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے.
شادی ہالوں کے کمرشلائزیشن چالان جمع کرانے کی ہدایت



