کراچی (رپورٹر) سندھ اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین نثار احمد کھوڑو نے کراچی یونیورسٹی انتظامیہ کو ایڈمیشن پالیسی کا از سرنو جائزہ لینے اور کراچی کے لیے مختص “کے” کیٹیگری ختم کرکے تمام داخلے سندھ ڈومیسائل کے بنیاد پر کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔یہ ہدایت انہوں نے منگل کو پی اے سی اجلاس کی صدرات کرتے ہوئے جاری کی. اجلاس میں کراچی یونیورسٹی کی سال 2021ع سے 2023ع تک آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری سندھ ھایر ایجوکیشن کمیشن معین صدیقی، قائم مقام وی سی کراچی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حارث شعیب، رجسٹرار ڈاکٹر عمران صدیقی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں چیئرمین پی اے سی نثار کھوڑو نے یونیورسٹی انتظامیہ سے استفسار کیا کے کیا کراچی یونیورسٹی میں داخلے اوپن میرٹ پر ہورہے ہیں یا ابھی تک کے ایس پی (کراچی، سندھ ، پاکستان) کیٹیگریز کی بنیاد پر داخلے دیے جا رہے ہیں؟جس پر یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر عمران احمد نے پی اے سی کو بتایا کے 1990ع سے سینڈیکیٹ اور اکیڈمک کونسل کی منظوری سے یونیورسٹی میں داخلے کراچی، سندھ اور پاکستان( کے ایس پی) پالیسی پر دیے جا رہے ہیں اور یہ پالیسی تاحال لاگو ہے، تاہم ایک دو فیکلٹیز میں داخلے اوپن میرٹ پر کیے جا رہے ہیں۔
چیئرمین پی اے سی نثار کھوڑو نے کہا کے کیا یونیورسٹی انتظامیہ کیا کراچی کو سندھ سے الگ تصور کر رہی ہے جو داخلے کے ایس پی پالیسی پر دیے جا رہے ہیں؟ این ای ڈی اور دیگر جامعات میں داخلے انٹری ٹیسٹ پر میرٹ کے بنیاد پر کئے جاتے ہیں تو پھر کراچی یونیورسٹی میں کے ایس پی ایڈمیشن پالیسی کیوں اپنائی جا رہی ہے؟ نثار کھوڑو نے کہا کے کراچی یونیورسٹی میں میرٹ پر سندھ کا ڈومیسائیل رکھنے والے طلبہ و طالبات کو داخلہ لینے کا حق حاصل ہونا چاہئے، اس لئے یونیورسٹی میں کے ایس پی ایڈمیشن پالیسی نہیں ہونی چاہئے۔کراچی سندھ میں ہے اور کراچی یونیورسٹی میں سندھ کے طلبہ و طالبات کو میرٹ پر داخلے لے کر تعلیم حاصل کرنے کا حق ہونا چاہئے، اس لئے کراچی یونیورسٹی انتظامیہ اپنی کے ایس پی ایڈمیشن پالیسی کا ازسر نو جائزہ لے۔ �
نثار کھوڑو نے کہا کے جس طرح ملازمتیں سندھ کے ڈومیسائیل پر میرٹ پر دی جارہی ہیں اسی طرح کراچی یونیورسٹی میں بھی داخلے سندھ کے ڈومیسائیل پر ٹیسٹ کے بعد میرٹ پر دیے جائیں۔ اس موقع پر پی اے سی نے کراچی یونیورسٹی انتظامیہ کو کے ایس پی ایڈمیشن پالیسی کا از سرنو جائزہ لے کر کراچی یونیورسٹی میں تمام داخلے کے ایس پی پالیسی کے بجائے اوپن میرٹ پر سندھ ڈومیسائیل کے بنیاد پر کرنے کا حکم جاری کیا اور آئندہ اجلاس میں پیش رفت رپورٹ طلب کرلی ہے۔
جامعہ کراچی میں تمام داخلے سندھ ڈومیسائل پر دیے جائیں، نثار کھوڑو



