زہران ممدانی کی کامیابی مثبت تبدیلیوں کی نوید ہے، میئر کراچی

کراچی (ہینڈآئوٹ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے زہران ممدانی کو نیویارک کا میئر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ زہران ممدانی کی کامیابی عالمی سطح پر نوجوان قیادت کی شاندار مثال ہے، ترجمان دانیال علی شان کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق میئر کراچی نے کہا کہ زہران ممدانی کا انتخاب تنوع، امن اور ترقی کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو دنیا بھر میں مثبت تبدیلیوں کی نوید ہے،میئر کراچی نے کہا کہ زہران ممدانی نے تاریخ رقم کی ہے، وہ افریقہ میں پیدا ہونے والے پہلے مسلم میئر ہیں جنہوں نے نیویارک جیسے عظیم شہر کی قیادت کا اعزاز حاصل کیا ہے، ان کا انتخاب نہ صرف اقلیتوں کے لیے امید کی کرن ہے بلکہ عالمی شہروں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کے ایک نئے دور کا آغاز بھی ثابت ہوگا،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ زہران ممدانی 1892ء کے بعد نیویارک کے سب سے کم عمر میئر بنے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ نوجوان قیادت دنیا کو نئی سمت دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، نوجوان قیادت کے ابھرنے سے دنیا کے بڑے شہروں میں ترقی، شمولیت اور جدید وژن کو فروغ ملے گا،میئر کراچی نے اس امید کا اظہار کیا کہ نیویارک اور کراچی کے درمیان مستقبل میں تعاون کے مزید مواقع پیدا ہوں گے تاکہ دونوں شہر ترقی، ثقافتی تبادلے اور شہری منصوبہ بندی کے میدان میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکیں، انہوں نے کہا کہ زہران ممدانی کی کامیابی ہر اس نوجوان کے لیے تحریک ہے جو خدمت اور قیادت کے جذبے سے سرشار ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں