ایم کیو ایم کا چیخنا سندھ حکومت کی درست سمت کا ثبوت ہے، سعدیہ جاوید

کراچی (نیوز ڈیسک) ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ کہ چالان پر رونے والوں کو تکلیف چالان سے نہیں، قانون کی عمل داری سے ہے، ان کی حالت یہ ہے کہ جرمانہ بھی انہیں ٹیکس نظر آتا ہے. یہ بات انہوں نے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے بیان پر اپنے ردعمل میں‌کہی ہے. سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے ٹیکس کے اعداد و شمار گننے کا دعویٰ ایسا ہی ہے جیسے اپنے جمع کیے ہوئے چندے اور فطرے کا حساب کر رہے ہوں.انہوں نے کہا کہ موئن جو دڑو پر بات کرنے والے شاید یہ بھی نہیں جانتے کہ وہ ایک منظم اور تہذیب یافتہ شہر تھا۔
سعدیہ جاویدنے کہا کہ قانون کی عمل داری کے باعث شہر میں ٹریفک کے حالات نمایاں طور پر بہتر ہوئے ہیں، کراچی کا حُلیہ بگاڑنے والے، آج اپنے ماضی کو چھپانے کے لیے جھوٹ اور شور شرابے کا سہارا لے رہے ہیں، ان کا چیخنا اور رونا اس بات کا ثبوت ہے کہ سندھ حکومت درست سمت میں کام کر رہی ہے۔
سعدیہ جاوید نے کہا کہ فاروق ستار صاحب کے بیانات سے لگتا ہے کہ انہیں شہر کا حال دیکھے زمانہ گزر گیا ہے، انہیں چاہیے کہ وہ لین مارکنگ دیکھنے کے لیے چندریگر روڈ، عبداللہ ہارون روڈ، شاہراہِ فیصل اور دیگر سڑکوں کا دورہ کریں، لین مارکنگ پر ان کے جھوٹ کا پردہ اینکر نے خود ہی فاش کر دیا ہے. سعدیہ جاوید نےکہا کہ اگر ایم کیو ایم کے دور کے کرائم ریٹ اور کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو ان کے رہنمائوں کو منہ چھپانے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں