کھانے کے غیر قانونی مراکز کے خلاف کارروائی جاری

کراچی (ہینڈ آئوٹ) کراچی انتظامیہ کی کھانے پینے کے غیر قانونی مراکز پر شہر میں کارروائی جاری ہے، اتوار کو ضلع شرقی اور جنوبی میں کارروائی کی گئی ڈپٹی کمشنرز نے کمشنر کو رپورٹ پیش کردی ۔
کمشنر کراچی کے ترجمان ستار جاوید کے مطابق ضلع جنوبی میں اسسٹنٹ کمشنر صدر رانا صوفیان نے ایک غیر قانونی اور غیر محفوظ ایل پی جی دکان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے سر بمہر کردیا ،جبکہ صدر میں مختلف مقامات پر کھانے پینے کے غیر قانونی مراکز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 6 افراد گرفتار کرلیئےگئے، تمام تجاوزات ہٹا دی گئیں اور ان کا سامان ضبط کر لیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر گلزار ہجری عرفان نظامانی نے تجاوزات کے خلاف کارروائی میں دو چائے کے ہوٹل، ایک بریانی کی دکان اور ایک نان کی دکان کو سیل کر دیا ہے، جن دکانوں کو سیل کیا گیا ان میںماشاء اللہ نان ہاؤس، نیو بسم اللہ کوئٹہ ہوٹل،نیو کوئٹہ عرفات ہوٹل اور اسپائس شاپ ( بریانی) شامل ہیں.
دریں اثنا اسسٹنٹ کمشنر گلزار ہجری نے اس دوران سرکاری نرخ بھی چیک کئے، انھوں نے چار مقامات پر قیمتیں چیک کیں ۔ سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی اور سرکاری نرخ آویزاں نہ کر نے پر پیاز اور آلو فروخت کرنے والے دکانداروں پر 23 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جبکہ گوشت فروش پر دس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں