کراچی (رپورٹر) چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے صوبے میں ڈینگی کی روکتھام کے لیے سرگرمیاں تیز کردی ہیں، چیف سیکریٹری سندھ کے ترجمان فرحت جانوری کے مطابق بدھ کی صبح چیف سیکریٹری سندھ نے سول اسپتال کراچی اور سندھ گورنمنٹ اسپتال شاہ فیصل کا دورہ کیا اور ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کا جائزہ لیا، ترجمان کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ نے سول اسپتال میں ڈینگی کے مریضوںکے لیے مخصوص وارڈ نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور اسپتال میں ڈینگی وارڈ قائم کر کے طبی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی.
ایم ایس سول اسپتال نے چیف سیکریٹری کو بتایا کہ مختلف وارڈز میں ڈینگی کے 16 مریض زیر علاج ہیں.چیف سیکریٹری سندھ نےسول اسپتال میں پیتھالوجی لیبارٹری اور دیگر طبی سہولیات کا بھی معائنہ کیا، انہوں نے ڈینگی کے مریضوں کے لیے دواؤں اور بیڈز کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی. اس موقع پر انہوں نے اسپتال میں داخل مریضوں سے علاج کے متعلق بھی دریافت کیا، چیف سیکریٹری نے سول اسپتال کے آس پاس انکروچمنٹ اور غیرقانونی پارکنگ کو ختم کو بھی ختم کرنے کی ہدایت کی.
چیف سیکریٹری سندھ نے ایک دن قبل سندھ سیکریٹریٹ میںایک ہنگامی اجلاس کی صدارت بھی کی تھی، جس میں صوبے بھر خصوصاً کراچی اور حیدرآباد میں بڑھتے کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تھا۔ اجلاس میں تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، سیکریٹری بلدیات، سیکریٹری صحت، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز، محکمہ صحت اور ویکٹر کنٹرول ونگ کے سینئر افسران شریک ہوئے، جبکہ صوبے کے تمام ٹاؤن میونسپل افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میںچیف سیکریٹری نے ڈینگی کیسز میں مسلسل اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس وباء پر قابو پانے کے لیے محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کے درمیان قریبی رابطہ اور ہم آہنگی پر زور دیا۔ انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ ڈینگی رپورٹنگ کے نظام کو مؤثر اور جدید بنایا جائے تاکہ تمام سرکاری و نجی اسپتالوں اور لیبارٹریوں سے بروقت اور درست اعداد و شمار حاصل ہو سکیں۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ درست اور بروقت ڈیٹا مؤثر حکمتِ عملی اور فوری اقدامات کے لیے نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ چیف سیکریٹری سندھ نے تمام اضلاع میں 24 گھنٹے فعال کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت دی تاکہ ڈینگی کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا سکے اور فوری ردعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ ڈینگی سرویلنس، ایمرجنسی ریسپانس، اور فومیگیشن کے لیے جامع کانٹیجنسی پلان تیار کیا جائے۔
چیف سیکریٹری نے مزید ہدایت دی کہ ہر ڈینگی مریض کے گھر اور اس کے اطراف پندرہ گھروں میں لازمی طور پر فومیگیشن اور اسپرے کیا جائے تاکہ مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے۔ انہوں نے محکمہ صحت کو اسپتالوں میں قائم ڈینگی وارڈز کا روزانہ جائزہ لینے اور مریضوں کے علاج و سہولیات کو ہر ممکن بہتر بنانے کی ہدایت دی۔ چیف سیکریٹری نے مزید کہا کہ ڈینگی کے تمام کیسز کا ڈیٹا روزانہ میڈیا کے ساتھ شیئر کیا جائے تاکہ عوام کو درست معلومات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے ڈینگی سے جاں بحق ہونے والے مریضوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ہدایت دی کہ تمام اموات کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے اور اس کا باقاعدہ تجزیہ کیا جائے۔
چیف سیکریٹری نے بلدیاتی اداروں کو ہدایت دی کہ صفائی ستھرائی اور فومیگیشن مہم میں مزید تیزی لائی جائے اور نکاسیٔ آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ مچھروں کی افزائش کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کینٹونمنٹ بورڈز کے علاقوں میں بھی فومیگیشن مہم چلانے اور سوئمنگ پولز کے لیے باقاعدہ پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت دی تاکہ پانی کی کلورینیشن اور صفائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ چیف سیکریٹری نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کی مفت تشخیص اور علاج کی سہولت کو یقینی بنایا جائے، اور ادویات، پلیٹ لیٹس، و ٹیسٹنگ کٹس کا مناسب ذخیرہ برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے عوامی آگاہی مہمات میں تیزی لانے کی بھی ہدایت دی تاکہ شہری احتیاطی تدابیر اختیار کر کے خود کو ڈینگی سے محفوظ رکھ سکیں۔



