SIFC کی مداخلت سے ایندھن کا بحران ٹل گیا

کراچی (نیوز ڈیسک) اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC)نےبروقت مداخلت کرکے سندھ حکومت اور آئل انڈسٹری کے درمیان سیس (Cess)کے نفاذ پر جاری تنازع ممکنہ ایندھن کے بحران تک پہنچنےسے روک دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق SIFC کی مداخلت کے بعد سندھ حکومت نے پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO)کے تیل کے کارگو کو جاری کر دیا تاکہ متوقع بحران کو روکا جا سکے۔ذرائع کے مطابق SIFC کی مداخلت کے بعد سندھ حکومت نے آئل انڈسٹری کو موجودہ انڈرٹیکنگ میکانزم کے تحت اکتوبر کے آخر تک کارگو درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
آئل انڈسٹری کے عہدیداروں نے وضاحت کی کہ ایندھن کی قیمتیں وفاقی حکومت طے کرتی ہے، جو مختلف ٹیکسز کو قیمت کے ڈھانچے میں شامل کرتی ہے۔ ایک عہدیدار نے کہا، “یہ سیس کا معاملہ بنیادی طور پر صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے درمیان ہے،” انہوں نے مزید کہا کہ انڈسٹری نے وفاقی حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ سندھ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس (SIDC)کو تیل کی قیمتوں میں شامل کرے، بالکل اسی طرح جیسےپٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسز صارفین تک منتقل کیے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ سندھ کابینہ نے اس سے قبل آئل انڈسٹری کو 25 ارب روپےمالیت کی سالانہ بینک گارنٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں