کراچی (ہینڈ آئوٹ): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں انکلیوسِو سٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں 75 ایکڑ پر محیط منصوبے کے جامع ماسٹر پلان کی منظوری دی گئی۔ یہ منصوبہ خصوصی افراد اور معذور شہریوں کے لیے پاکستان کی پہلی جامع کمیونٹی ماڈل کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، سیکریٹری برائے وزیراعلیٰ رحیم شیخ، سیکریٹری محکمہ بااختیاری معذور افراد (ڈی ای پی ڈی پی) طٰحہ فاروقی، سلطان الانہ، منیر کمال، مروین لوبو، مشتاق چھاپڑا، ارشد شاہد عبداللہ، صوبیہ سلطانہ اور فاروق مظہر نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ ہائوس سے جاری کردہ ایک ہینڈ آئوٹ کے مطابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ انکلیوسِو سٹی معذور افراد کے لیے صحت، تعلیم، رہائش اور روزگار کی سہولتوں کے ساتھ رسائی، شمولیت اور بااختیاری کی ایک مثالی جگہ ہوگی۔ یہ منصوبہ 75 ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا جا رہا ہے جو سندھ حکومت کے تمام شہریوں کے لیے بغیر رکاوٹ ماحول کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ سیکریٹری ڈی ای پی ڈی پی طٰحہ فاروقی اور معمار شاہد عبداللہ نے وزیراعلیٰ کو منصوبے کے ڈیزائن اور وہاں بنائی جانے والی سہولتوں پر بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ انکلیوسِو سٹی میں رہائشی بلاکس، تعلیمی و تربیتی کمپلیکس، بحالی مراکز، نو ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن فار ایمپاورنگ پرسنز ود ڈس ایبلٹیز کے لیے دفاتر، ہسپتالوں کے ان پیشنٹ اور آؤٹ پیشنٹ بلاکس، غیر سرکاری تنظیموں کے اشتراک کے لیے زونز، کلینیکل یونٹس، او پی ڈی اور سی آرٹس سہولتیں، انٹینسیو آؤٹ پیشنٹ بلاکس اور فنی تربیتی مراکز شامل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ شہر جامع بحالی کے اصول پر مبنی ہوگا جہاں تعلیم، علاج، بحالی، روزگار اور رہائش کی تمام سہولتیں ایک ہی نظام میں شامل ہوں گی تاکہ خصوصی افراد کو معاشرے کے مرکزی دھارے میں لایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے ڈی ای پی ڈی کے سیکریٹری کو ہدایت دی کہ منصوبے میں ایک اسپورٹس کمپلیکس بھی شامل کیا جائے تاکہ مختلف ذہنی و جسمانی چیلنجز کا سامنا کرنے والے بچوں کی ذہنی نشوونما کے لیے تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔
انکلیوسِو سٹی کا ماسٹر پلان منظور



