طحٰہ احمد خان کا وزیر اعلیٰ‌سندھ کو خط، فضائی آلودگی کی روکتھام کا مطالبہ

کراچی (پریس رلیز) ایم کیو ایم (پاکستان) کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی، طحٰہ احمد خان نے وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کراچی کی بگڑتی ہوئی فضائی آلودگی کی روکتھام کے لیے فوری انتظامی اقدام کریں جو خطرناک اور تشویشناک حد تک پہنچ چکی ہے اور لاکھوں شہریوں کے لیے سنگین صحت عامہ کا مسئلہ بن گئی ہے۔
اپنے خط میں وزیرِ اعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے طحہ احمد خان نے سندھ بھر — خصوصاً کراچی — میں فضائی معیار کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس حوالے سے AirGradient کے کراچی میپ اور LinkedThings AI کے مستند اور سائنسی بنیادوں پر تصدیق شدہ فضائی معیار مانیٹرنگ پلیٹ فارمز کے اعداد و شمار کا حوالہ دیا۔
اعداد و شمار کے مطابق، کراچی میں PM2.5 کی سطح اکثر 150 مائیکروگرام فی مکعب میٹر (µg/m³) سے تجاوز کر جاتی ہے، جو کہ عالمی ادارۂ صحت (WHO) کے 25 µg/m³ کے محفوظ معیار سے چھ گنا زیادہ ہے۔ بعض علاقوں میں یہ سطح 200 µg/m³ سے بھی اوپر جا چکی ہے، جس کے باعث کراچی دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں میں شمار ہونے لگا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اتنی زیادہ آلودگی میں مسلسل سانس لینے سے سانس کی بیماریوں، دل کے امراض اور اوسط عمر میں کمی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جب کہ اس کا سب سے زیادہ اثر کم آمدنی والے شہری علاقوں اور کچی آبادیوں پر پڑتا ہے جہاں پہلے ہی صحت کی سہولیات ناکافی ہیں۔
طحہ احمد خان نے سندھ حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر ایک جامع ’’صاف ہوا اور برقی گاڑیاں ” پالیسی تشکیل دے جس میں زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور صنعتی علاقوں پر زوننگ پابندیاں، کراچی اور حیدرآباد میں برقی پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام میں توسیع، برقی گاڑیوں کے فروغ اور قابلِ تجدید توانائی کے انضمام کے لیے مراعات اور شہری شجرکاری اور مینگرووز کی بحالی کے پروگرام کو مضبوط بنانے کے نکات شامل ہوں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں