وہیل چیئر ٹینس کوچنگ کیمپس اختتام پذیر

کراچی (رپورٹ: اسحاق بلوچ) پاکستان ٹینس فیڈریشن کے تحت تین شہروں میں منعقدہ پی ٹی ایف وہیل چیئر ٹینس ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو کوچنگ کیمپس اختتام پذیر ہوئے۔ یہ تربیتی کیمپ بیک وقت کراچی، پشاور اور میرپورخاص میں منعقد کئےگئے، جبکہ حیدرآباد میں کیمپ فی الحال جاری ہے۔ اب تک اس انیشی ایٹو سے 70 سے زائد مرد و خواتین مستفید ہو چکے ہیں۔ یہ طویل المدتی کیمپس جولائی 2025 میں شروع کیے گئے تھے۔ کراچی میں 8، پشاور میں 7 اور میرپورخاص میں 5 کیمپس منعقد کیے گئے۔ اس دوران دو وہیل چیئر ٹینس ٹورنامنٹس – 21 واں ویسٹ بری وہیل چیئر ٹینس چیمپئن شپ اور 5 واں یونین کلب گیٹوریڈ ٹرافی رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ کا بھی انعقاد کیا گیا ، جبکہ پشاور میں دو میموریل وہیل چیئر ٹینس چیمپئن شپ بھی منعقد کی گئیں۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن نے تمام شرکاء کو ٹینس وہیل چیئرز، ریکیٹس، بالز اور سفری الاؤنس فراہم کیا۔ کیمپس کی نگرانی سلمان مغل، عمر ایاز، نواب مظفر، اور جاوید ریار نے کی۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر اور ایشین ٹینس فیڈریشن کی وہیل چیئر ٹینس کمیٹی کے رکن محمد خالد رحمانی نے کہا کہ اگلے مہینے مزید شہروں جیسے لاہور اور فیصل آباد میں بھی ایسے کوچنگ کیمپس شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کیمپس کے دوران تقریباً 10 مرد و خواتین وہیل چیئر ٹینس کھلاڑیوں کو شناخت کیا گیا ہے جنہیں مستقبل کے کیمپس میں تربیت دے کر بین الاقوامی مقابلوں کے لیے تیار کیا جائے گا۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی اس کھیل کو ملک بھر میں فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور انہوں نے اس ورژن کے پھیلاؤ کے لیے اسپانسر شپ حاصل کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں