کراچی (رپورٹر) سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے منگل کے روز جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف کی شکایات پر ٹائون میونسپل کمشنر ایاز حمید بلوچ کو معطل کر دیا۔ایک بیان کے مطابق ناصر شاہ نے کہا کہ جو میونسپل کمشنرز منتخب بلدیاتی نمائندوں سے تعاون نہیں کریں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔یہ کارروائی جماعت اسلامی کے ایک وفد کی صوبائی وزیر سے ملاقات کے بعد عمل میںآئی، ملاقات میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان کی قیادت میں نو ٹاؤن چیئرمین شامل تھے۔
بیان کے مطابق ملاقات کے دوران ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایات کے مطابق کراچی کی ترقی اور خوشحالی کے لیے غیر جانبدارانہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیر بلدیات نے ہدایت دی کہ ٹاؤن چیئرمین کی شکایات کے ازالے کے لیے ایک کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کی جائے اور یہ بھی حکم دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز اور فنڈز کے سلسلے میں میونسپل کمشنرز کو لازمی طور پر ٹاؤن چیئرمین سے مشاورت کرنی چاہیے۔
جماعت اسلامی کے ٹائون چیئرمین کی شکایت پر میونسپل کمشنر معطل



