جرمنی کے نئے قونصل جنرل کی میئر کراچی سے ملاقات

کراچی(ہینڈ آؤٹ) جرمنی کے نئے قونصل جنرل Thomas E. Schultze نے پیر کے روز بلدیہ عظمیٰ کراچی کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے ملاقات کی، میئر کراچی نے قونصل جنرل کا پُرتپاک استقبال کرتے ہوئے انہیں کراچی آمد پر خوش آمدید کہا، ملاقات کے دوران میئر کراچی نے جرمن قونصل جنرل کو شہرِ قائد کے انتظامی ڈھانچے، بلدیاتی امور، ترقیاتی منصوبوں اور شہری سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے تعلقات تاریخی، دوستانہ اور معاشی لحاظ سے انتہائی اہم ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، اس موقع پر جرمن قونصل جنرل نے میئر کراچی کو جرمنی کے شہر ہیمبرگ کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی تاکہ دونوں شہروں کے مابین باہمی روابط کو مزید مضبوط کیا جاسکے۔ ملاقات کے دوران میڈیکل پروفیشنلز کے تبادلوں اور ثقافتی تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، قونصل جنرل نے کراچی کی ترقی کے لیے جاری کوششوں کو سراہا اور کہا کہ جرمنی پاکستان، بالخصوص کراچی کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے، یہ ملاقات دونوں ممالک کے شہری روابط کو فروغ دینے اور مستقبل میں دوطرفہ منصوبوں کی راہ ہموار کرنے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں