اس سال کراچی کی ترقی پر 28 ارب خرچ کررہے ہیں، میئر

کراچی(رپورٹر) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہاہے کہ اگر مصطفیٰ کمال کے دور میں وفاقی حکومت نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے بہت فنڈز دیے تو شہباز شریف کے دور میں بھی ملنے چاہئیں۔ اس سال بلدیہ عظمیٰ کراچی 28 ارب روپے کراچی کی ترقی پر خرچ کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر کے دورے کے بعد کورنگی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی بارشوں کے بعد شہر کی 106 سڑکوں کی بحالی کا کام کر رہی ہے جو آئندہ 60 دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا، میئر کراچی نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ، پریڈی اسٹریٹ اور شاہراہ فیصل سمیت مختلف مقامات پر کام شروع ہو چکا ہے، جبکہ ملیر کالا بورڈ اور کھوکھرا پار کی سڑکیں بھی کے ایم سی نے تعمیر کرائیں، انہوں نے کہا کہ اگرچہ ماڈل کالونی ٹاؤن کی سڑک ٹاؤن انتظامیہ کی ذمہ داری ہے مگر کے ایم سی یہ کام بھی کررہی ہے، انہوں نے کہا کہ ماڈل کالونی ٹاؤن کو اگر چند ارب روپے مل جائیں اور یہ رقم صحیح استعمال ہو تو علاقے کی حالت میں نمایاں بہتری آسکتی ہے، سیوریج کا کام بھی جلد شروع کیا جا رہا ہے اور اگلے ہفتے اس کی بنیاد رکھی جائے گی، انہوں نے کہا کہ انڈس اسپتال، ایس آئی یو ٹی، این آئی سی وی ڈی اور دیگر بڑے اسپتالوں کو بھی فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو صحت کی بہترین سہولیات میسر ہوں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں