فشرمین سوسائٹی کے اشتراک سے ماہی گیر کارڈ جاری کریںگے، ملکانی

ملیر(ڈسٹرکٹ رپورٹر)صوبائی وزیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریز محمد علی ملکانی نے کہا ہے کہ فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے اشتراک سے بینظیر ماہی گیر کارڈتیار کررہے ہیں۔اس کارڈ کے ذریعے غریب ماہی گیروں کی ماہانہ بنیاد پر مالی مدد جاری رکھی جائے گی۔وہ بدھ کے روز فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی میں کینسر جیسے موزی مرض میں مبتلا مریضوں،مالی مددکے مستحق غریب ماہی گیروں میں ویلفیئر کے چیکس تقسیم کرر ہے تھے۔انہوں نے کہا کہ فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کے تعاون سے فش مارکیٹوں کو یورپی یونین کے معیار کے عین مطابق بنائیں گےتاکہ جب یورپی یونین کراچی فش ہاربر کا دورہ کرے تو انہیں ہماری فش مارکیٹس ان کے معیار کے عین مطابق ملیں۔یورپی یونین کی طرف سے لگائی گئی پابندی ہٹنے پرہماری مچھلی یورپ سمیت دنیا کے دیگر کئی ملکوں میں ایکسپورٹ ہوگی۔ہمارے ماہی گیروں کو مچھلی کی اچھی قیمت مل سکے گی۔اس سے زیادہ ہمارے ملک کے قیمتی زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا۔
فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کی چیئرپرسن فاطمہ مجید نے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ غریب اور کمزور طبقات کو آگے لانا پاکستان پیپلز پارٹی کاوژن رہا ہے۔فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی میں ایک ماہی گیر خاتون کو سربراہ بنایا۔اس کا سہرا بی بی کے لال چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سر جاتا ہے۔میں فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کو کرپشن سے پاک ادارہ بنائوں گی۔ تقریب میں وائس چیئرمین سلیم دیدگ،ڈائریکٹر ز ڈاکٹر محمد یوسف،شہزاد جاموٹ،ماما رشید،محمد شکیل،ستار بھٹی،حاجی خان میر خان،وڈیرہ رحیم بخش،سید نور علی شاہ،عبدالناصر،فیصل خالد،لال بخش بھی موجودتھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں