سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا ڈی جی دو ماہ میں‌تبدیل

کراچی (رپورٹر) حکومت سندھ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل شہمیر خان بھٹو کا تبادلہ کرکے ان کی جگہ گریڈ 20 کے ایک اور افسر مذمل حسین ہالیپوٹو کو نیا ڈی جی مقرر کیا گیا ہے.محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن سندھ نےشہمیر بھٹو کے تبادلے اور مذمل ہالیپوٹو کی تقرری کے نوٹیفکیشن 21 ستمبر یعنی اتوار کو چھٹی کے دن جاری کیے. ذرائع کے مطابق شہمیر بھٹو کے تبادلے اور مذمل ہالیپوٹو کی تقرری کا فیصلہ گزشتہ جمع کے روز ہوگیا تھا لیکن انتہائی خاص عہدہ ہونے کی وجہ سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونے میں تین دن لگے.
مذمل ہالیپوٹو کو کچھ ماہ قبل گریڈ 20 میں ترقی دی گئی تھی، اس کے بعد انہیں محکمہ سوشل پروٹیکشن سندھ کے سیکریٹری کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا، جبکہ اس سے قبل وہ سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈی جی رہے تھے.
شہمیر خان بھٹو کو دو ماہ قبل لیاری میں ایک کثیرالمنزلہ عمارت گرنے کے واقعے کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا ڈی جی مقرر کیا گیا تھا، اس واقعے میں 27 لوگ جاں بحق ہوئے تھے. اس واقعے کے بعد حکومت سندھ نے اس وقت تعینات ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اسحاق کھوڑو کو معطل کرکے عہدے سے ہٹادیا تھا.اس کی جگہ شہمیر خان بھٹو کو نیا ڈی جی مقرر کیا گیا، اس سے قبل وہ وزیر اعلیٰ‌انسپیکشن اینڈ انکوائریز ٹیم کے سیکریٹری کے عہدے پر تعینات تھے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں