ملیر جیل سے 225 قیدی فرار ہوئے، صوبائی وزیر کو آگاہی

کراچی (رپورٹر) صوبائی وزیر جیل خانہ جات اور ورکس اینڈ سروسز حاجی علی حسن زرداری نے بدھ کو ایک مرتبہ پھر ڈسٹرکٹ جیل ملیر کا دورہ کیا، جیل کے ذرائع کے مطابق اس موقع پر صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ کچھ دن قبل جیل ٹوٹنے کے واقعے میں کل 225 قیدی فرار ہوئے تھے، ان میں سے 152 کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ 73 قیدی تاحال واپس نہیں‌آئے. صوبائی وزیر نے باقی ماندہ قیدیوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا.واضح‌رہے کہ ملیر جیل کے سابق سپرنٹنڈنٹ نے 3 جون کو پیش کی گئی اپنی تحریری رپورٹ میں فرار ہونے والے قیدیوں کی کل تعداد 216 ظاہر کی تھی.
دریں اثنا سرکاری ہینڈآئوٹ کے مطابق اس موقع پر صوبائی وزیر نے جیل توسیعی منصوبے کے جاری ترقیاتی کام کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو کام بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی،اس موقع پر انہوں نے جیل کے قیدیوں سے ملاقات بھی کی اور ان کے مسائل سنے، صوبائی وزیر نے جیل اسٹاف اور پولیس عملے کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کی اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کو آسان بنایا جائے، خاص طور پر خواتین کو ترجیح دی جائے،انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی بھی عملدار یا اہلکار کے حوالے سے کوئی شکایت موصول ہوئی تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،صوبائی وزیر نے جیل کے کچن کا بھی معائنہ کیا اور حکم دیا کہ قیدیوں کو معیاری اور صحت بخش کھانا فراہم کیا جائے، جبکہ صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے جیل ہسپتال کے مختلف حصوں اور وہاں موجود مشینری کا بھی جائزہ لیا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں