کراچی (نیوز ڈیسک) گرین لائن اور اورنج لائن بس سروسز کا آپریشنل کنٹرول باضابطہ طور پر حکومت سندھ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کراچی کے گارڈن کے علاقے میں قائم آپریشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جہاں سی ای او پی آئی ڈی سی ایل وسیم باجوہ نے گرین لائن اور اورنج لائن بس سروسز کا آپریشنل کنٹرول سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن کے حوالے کیا۔ تقریب میں سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مینیجنگ ڈائریکٹر کمال دایو، اورنج لائن اور گرین لائن بی آر ٹی کے دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
گرین لائن اور اورنج لائن بس سروسز کا آپریشنل کنٹرول سنبھالنے کے حوالے سے ایک بیان میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و مس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گرین لائن اور اورنج لائن بس سروسز کی حکومت سندھ کو منتقلی پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو مزید منظم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایک مربوط اور موثر شہری ٹرانزٹ سسٹم تشکیل دیا جا رہا ہے، جس میں بی آر ٹی لائنز کو دیگر پبلک ٹرانسپورٹ سسٹمز کے ساتھ منسلک کرنے کے منصوبے بھی جاری ہیں۔
دریںاثنا ذرائع کے مطابق حکومت سندھ نے گرین لائن اور بی آر ٹی میں سفر کرنے والے شہریوں کے لیےجون 2025 تک سبسڈی جاری رکھنے کا فیصلہہے جس کے لیے ایک ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے،واضح رہے کہ گرین لائن اور ارنج لائن بی آر ٹی میںسفر کے لیے 55 روپے کرایہ وصول کیا جاتا ہے.
گرین، اورنج لائن کا کنٹرول سندھ کے حوالے، ایک ارب روپے کی سبسڈی منظور



