سال 2024 ، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے 2625 بلڈنگ پلان منظور کیے

کراچی (ہینڈ آئوٹ)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے ۔ سندھ بلڈنگ کنٹرو ل اتھارٹی کے ترجمان و افسر تعلقات عامہ شکیل ڈوگر کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران حکومت سندھ کے ویژن اورصوبائی وزیربلدیات سعید غنی کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے سندھ کے تمام اضلا ع میں غیرقانونی تعمیرات کے خاتمے کے لئے بلاتفریق و بلاتعطل بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری رہیں۔سال 2024ء کے دوران کراچی کے 7 اضلاع سمیت سندھ بھر میں 1500 سے زائدغیرقانونی تعمیرات کے خلاف انہدام اور دیگرقانونی اقدامات عمل میں لائے گئے جو ایک سال میں غیرقانونی تعمیرات کے خلا ف ریکارڈ کارروائیاں ہیں۔ جس میں معززعدالتی احکامات کی تعمیل میں متعدد کارروائیاں بھی شامل ہیں،جبکہ 200سے زائد عدالتی پٹیشنز کو نمٹایاگیا۔۔ غیرقانونی تعمیرات کے خاتمے اور سدباب کے سلسلے میں ڈائریکٹرجنرل ایس بی سی اے عبدالرشید سولنگی حکومت سندھ کے زیروٹالرنس ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کررہے ہیں اس حوالے سے شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے غیرقانونی تعمیرات میں ملوث کئی افسران واہلکاروں کو ملازمت سے معطل کیاگیا جبکہ کئی معاملات میں تحقیقاتی عمل جاری ہے جبکہ سال 2024ء کے دوران تعمیراتی قوائد میں پلان کے مطابق کارپارکنگ کی بحالی سمیت شہریوں کی اہم ضرورت کومدنظررکھتے ہوئے زیرتعمیرپروجیکٹ سائٹس پرپروجیکٹ سے متعلق مکمل قانونی تفصیل سے آگاہی کے لئے واضح طور پر QR-CODEکی تنصیب کو لازمی بنایا گیا ۔ترجمان ایس بی سی اے کے مطابق امسال 2652 کی تعداد میں پرائیویٹ پبلک سیل پروجیکٹ،ہاؤسنگ اسکیم، انڈسٹریل،کمرشل اور رہائشی بلڈنگز پلانزکی منظوری دی گئی، جبکہ صنعتی پلانز میں فیس میں تاخیر پر لگنے والے اضافی واجبات معاف کرنے سمیت ہر قسم کے پلانز کی سنگل ونڈو سے وقت مقررہ پر منظوری کے اقدامات نے عوام اور ایس بی سی اے کے درمیان اعتماد کی فضا کو بحال کیاہے۔ ترجمان نے بتایاکہ ماہرتعمیراتی انجینئرز پر مشتمل ٹیکنیکل کمیٹی برائے خطرناک /مخدوش عمارتوں کاسروے جاری رہا،رپورٹس کے مطابق کراچی میں اب تک 591،حیدرآباد ریجن میں 81، سکھر 60، میرپورخاص 07 اورلاڑکانہ ریجن میں 04، سمیت کل 743خطرناک عمار توں کی فہرست مرتب شدہ ہے جبکہ سال 2024ء کے دوران ٹیکنیکل کمیٹی کی جانب سے کراچی میں حادثاتی آتشزدگی سے متاثرہ عمارتوں کا بھی بروقت معائنہ اور سروے رپورٹس مرتب کی گئیں۔ ترجمان نے مزید کہا ہے کہ ڈائریکٹرجنرل کی خصوصی کاوشوں سے شفاف طریقے سے گریڈ14سے 18تک افسران و اہلکاروں کی ڈی پی سی کا دیرینہ مسئلہ بھی حل ہوگیا اور اس سلسلے میں 72 افسران و اہلکاروں کو اگلے گریڈ پر ترقیاں دی گئیں ،جبکہ گزشتہ 4سال سے بندش کا شکار حج اسکیم کو دوبارہ بحال کیا گیا اور سال 2024ء میں بذریعہ قرعہ اندازی منتخب 07 افسران ودیگر10 ملازمین سمیت کل 17افراد کو ادائیگی فریضہ حج کے لئے مکمل سفری اخراجات کی رقوم فراہم کی گئیں۔ ترجمان ایس بی سی اے کے مطابق محکمہ نے اپنے اقدامات کے زریعے شہریوں کی خدمت کے ساتھ امیج کی بہتری پربھی بھرپور توجہ مرکوز رکھی اور اس سلسلے میں عملی مظاہرہ کرتے ہوئے غیرملکی مہمانان پر شہر سے متعلق پہلے مثبت تاثر کے سلسلے میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈڈیولپرز(آباد) اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی مدد وتعاون سے شاہراہ فیصل پر واقع عمارتوں اورسڑک کے دونوں جانب بیوٹی فیکیشن کی گئی جسے شہریوں کی جانب سے قابل تحسین عمل قرار دیاگیا۔ بیوٹی فیکیشن کے عمل سے متاثرہوکرعمائدین کی درخواست پر کورنگی انڈسٹریل ایریا میں بھی اسی نوعیت کی بیوٹی فیکشن کی منصوبہ بندی کا عمل جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں