کراچی (رپورٹر) سندھ حکومت نے منفرد شخصیت کے مالک سول سرونٹ ہاظم بنگوار کو ضلع جنوبی کراچی کے علاقے آرام باغ کا نیا اسسٹنٹ کمشنر تعینات کر دیا ہے، بنگوار نے حسب معمول اس تقرری کا اعلان سوشل میڈیا کے ذریعے خود کیا. علاقے کے رہائشیوں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور اس تاریخی و گنجان آباد علاقے میں ان کے فعال کردار کی توقع ظاہر کی ہے۔
30 دسمبر 1993 کو کراچی میں پیدا ہونے والے بنگوار نے ابتدائی زندگی نیویارک اور لندن میں گزاری۔ ان کی والدہ عراقی نژاد آرکیٹیکٹ ہیں جبکہ والد پاکستان پولیس میں سابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل رہ چکے ہیں۔ انہوں نے اے آئی یو لندن سے فیشن ڈیزائن اینڈ مارکیٹنگ کی ڈگری حاصل کی اور لندن کی ایک یونیورسٹی سے ایل ایل بی کیا۔ 2024 میں انہیں ہارورڈ کے ماسٹرز اِن گلوبل ڈیولپمنٹ پریکٹس پروگرام میں بھی داخلہ ملا۔
سرکاری ملازمت سے قبل وہ ایک ریکارڈنگ آرٹسٹ بھی رہے اور 2013 میں “ون مین آرمی” کے نام سے مکس ٹیپ جاری کی۔ انہوں نے بین الاقوامی گلوکاروں کے لیے نغمہ نگاری بھی کی۔ فلاحی سرگرمیوں کے لیے انہوں نے ہاظم فاؤنڈیشن بھی قائم کی۔
2019 میں انہوں نے سندھ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے پروونشل مینجمنٹ سروس (PMS) کا امتحان پاس کیا۔ کراچی میں ان کی تعیناتیوں میں اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد، ریونیو افسر ضلع ایسٹ، اور کمشنر آفس میں جنرل پوسٹنگ شامل ہیں۔ وہ انسداد تجاوزات مہم، غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائیوں اور جانوروں کی فلاح کے اقدامات کے باعث معروف ہیں۔ ان کی منفرد اور اسٹائلش شخصیت اور متحرک سوشل میڈیا موجودگی نے بھی انہیں عوامی سطح پر خاصی شہرت دلائی ہے.
نئے اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ ہاظم بنگوار کون ہیں؟



