کراچی(نیوز ڈیسک) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے کراچی کیلئے 20 ارب روپے کا لولی پاپ دیا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اس شہر کو کم از کم 200 ارب روپے درکار ہیں، اسلام آباد میں بیٹھ کر کراچی کے مسائل حل نہیں ہوسکتے، شہر کو مقامی سطح پر یکسوئی کے ساتھ کام کرنا ہوگا،اس سال بلدیہ عظمیٰ کراچی 28 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرے گی جبکہ ٹاؤن سطح کے منصوبوں کے لئے بھی 10 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، شہر ٹھیکیداروں کا نہیں بلکہ شہریوں کا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے ٹھیکیداروں کے مفاد کو ترجیح دینا افسوسناک ہے، جو 9سال تک سڑکیں نہیں بنا سکیں وہ آج عوام کے سامنے کس منہ سے آتی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو رضویہ سوسائٹی میں امام مہدی پارک اور اسپورٹس گراونڈ کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، منتخب نمائندے سمیت عوام کی بڑی تعداد موجود تھی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ پارک ڈیڑھ سو ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے، یہ ساڑھے پانچ ایکڑ کی زمین پہلے کچرے کا ڈھیر تھی، تاہم اب اسے جدید تفریحی سہولیات سے آراستہ کردیا گیا ہے.
کراچی کو 20 ارب کا لولی پاپ نہیں200 ارب چاہئیں، مرتضیٰ وہاب
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل



