کراچی (رپورٹر) سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے بدھ کو کراچی میں ڈبل ڈیکر بس سروس کا افتتاح کردیا، اس موقع پر ان کے ساتھ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور دیگر موجود تھے.دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے ایک پیغام میں کراچی کے عوام کو نئی ڈبل ڈیکر بس سروس کے آغاز پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے عوام بہتر سفری سہولیات کے حقدار ہیں، کراچی میں جدید بس سروس کا آغاز عوام کے لیے خوش آئند ہے،نئی بس سروس کراچی کے شہریوں کے سفر کو آسان بنائے گی.
اس سے ایک دن قبل انہوں نے اورنج لائن کو گرین لائن سے منسلک کرنے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ نے اورنج لائن بی آر ٹی کو گرین لائن سے منسلک کرنے کا منصوبہ شروع کیا ہے اور اورنگی سے نمائش تک اس کا روٹ بنایا گیا، اس سے قبل شہری شکایت کرتے تھے کہ گرین لائن تک رسائی کے بعد مسائل پیش آتے ہیں اور دو کرایے ادا کرنے پڑتے ہیں، تاہم اب ایک ہی ٹکٹ پر پورا سفر ممکن ہو سکے گا، جس سے روزانہ ایک لاکھ افراد کو سفری سہولت میسر آئے گی۔
کراچی میں ڈبل ڈیکر بس سروس شروع



