کراچی(رپورٹر) آئی جی پولیس سندھ غلام نبی میمن کی جانب سے ٹریفک خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی کے اعلان کے بعد کراچی میں بڑے پیمانے پر ٹریفک پولیس افسران کے تبادلے و تقرریاں کی گئی ہیں،ٹریفک کے حوالے سے شہر کے سب سے اہم اضلاع ساوتھ اور سٹی کے ایس پیز کو ہٹاکر دونوں اضلاع کی ذمہ داری ایس پی سہائی عزیز کو دی گئی ہے۔
اس سلسلے میں جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ایس پی ٹریفک ساؤتھ کراچی عابد حسین قائم خانی کو ہٹاکر ان کی جگہ تقرری کی منتظر سہائی عزیز کو مقرر کیا گیا ہے،سہائی عزیز کو ایس پی ٹریفک ڈسٹرکٹ سٹی کا بھی اضافی چارج دے دیا گیا ہے، وہاں سے علی انور سومروکا تبادلہ کرکے انہیں پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد کا وائس پرنسپل مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ایس پی ساؤتھ عابد قائم خانی کو اے آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح ایس پی ٹریفک کورنگی فرح عبنرین کو ہٹاکر اس کی چارج سید محمد علی رضا کے حوالے کردی گئی ہے،فرح عنبرین کو وائس پرنسپل رزاق آباد پولیس ٹریننگ مقرر کیا گیا ہے۔
اے آئی جی ایڈمن شوکت علی کھٹیان کا تبادلہ کرکے ایس پی ٹریفک ضلع ملیر مقرر کیا گیا ہے، وہاں سے محمد اعظم جمالی کو ہٹادیا گیا ہے، اعظم جمالی کو ایس پی پولیس ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ سعید آباد کی خالی جگہ پر مقرر کیا گیا ہے۔
ایس پی ٹریفک ضلع سینٹرل سعادت علی یاسین کو ہٹاکر ان کی جگہ رتقرری کے منتظر سید قمر عباس رضوی کومقرر کیا گیا ہے، سعادت علی کو اے آئی جی پولیس فارینزک مقرر کیا گیا ہے، وہاں سے عبدالقیوم پتافی کا تبادلہ کرکے سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔
تقرری کے منتظر سید محمد علی رضا کو ایس پی آر آر ایف کی خالی جگہ پر مقرر کیا گیا ہے،
کراچی میں ٹریفک خلاف ورزیوں پر کارروائی، پانچ اضلاع کے ایس پیز کو ہٹادیا گیا



