کراچی : سندھ اسمبلی کی میزبانی میں ہونے والی کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن (CPA) ایشیا ریجن کی ساتویں اور سی پی اے ایشیا و جنوب مشرقی ایشیا ریجن کی دوسری مشترکہ پارلیمانی کانفرنس میں شرکت کے لیے وفود کی کراچی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ سی پی اے ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرپرسن اور زیمبیا کے رکنِ پارلیمنٹ ڈاکٹر کرسٹوفر کلیلا کراچی ایئرپورٹ پہنچے۔ ان کے ہمراہ سی پی اے ہیڈکوارٹر لندن سے سی پی اے کے سیکریٹری جنرل مسٹر اسٹیفن ٹوِگ (برطانیہ) اور سی پی اے کمیونیکیشنز و آفس ایڈمنسٹریٹر مس میلانی ڈینکوا بھی کراچی پہنچیں۔ وفد کی آمد پر ایم پی اے صائمہ آغا نے ان کا استقبال کیا اور مہمانوں کو گلدستہ پیش کیا۔
قبل ازیں ملائیشیا کی ریاست جوہور کی قانون ساز اسمبلی کا وفد اسپیکر ڈاکٹر حاجی محمد پواد بن زرکشی کی قیادت میں دبئی سے کراچی پہنچا۔ وفد میں اسپیکر کی اہلیہ ڈاکٹر ربیعہ لیمان، اسمبلی سیکریٹری محمد اضوان عبدالغنی، مبصر خیرُل حزوان بن محمد کے علاوہ داتک محمد یسلا بن اسماعیل اور داتک محمد فواد بن تُکیرین شامل ہیں۔
مذکورہ کانفرنس تین فروری سے 7 فروری تک سندھ اسمبلی کراچی میں منعقد ہوگی۔ یہ بین الاقوامی کانفرنس “مستقبل کی پارلیمنٹ: اعتماد، شمولیت، جدت اور امن کے ذریعے جمہوریت کی نئی تعریف” کے عنوان کے تحت منعقد کی جا رہی ہے، جو 2012 کے بعد سندھ اسمبلی کی جانب سے منعقد ہونے والی پہلی عالمی پارلیمانی کانفرنس ہے۔ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس کے مہمانِ خصوصی اسپیکر قومی اسمبلی پاکستان سردار ایاز صادق ہوں گے جو افتتاحی تقریب میں کانفرنس کے باضابطہ آغاز کا اعلان کریں گے۔ افتتاحی تقریب میں اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ خوش آمدیدی کلمات پیش کریں گے، جبکہ سی پی اے کے چیئرپرسن ڈاکٹر کرسٹوفر کلیلا ایم پی افتتاحی خطاب کریں گے۔ سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن بھی تقریب سے خطاب کریں گے۔
کانفرنس میں ایشیا و جنوب مشرقی ایشیا کے 17 قانون ساز اداروں سے تعلق رکھنے والے 150 سے زائد ارکانِ پارلیمنٹ، اسپیکرز، ڈپٹی اسپیکرز اور پارلیمانی ماہرین شرکت کریں گے۔ کانفرنس کے دوران امن اور جمہوری اعتماد، پارلیمانی تعلیم، جعلی خبروں، مصنوعی ذہانت اور غلط معلومات، موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی قانون سازی، پارلیمانی احتساب، صنف، ٹیکنالوجی اور آن لائن ہراسانی جیسے اہم موضوعات پر پلینری اور بریک آؤٹ سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔ امن اور جمہوری اعتماد سے متعلق پلینری سیشن میں سری لنکا، مالدیپ، ملائیشیا، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی اسمبلیوں کے اسپیکرز اور ڈپٹی اسپیکرز اظہارِ خیال کریں گے جب کہ سابق چیئرمین سینیٹ سینیٹر رضا ربانی اس پلانری سیشن سے خطاب کریں گے۔
موسمیاتی تبدیلی سے متعلق خصوصی سیشن میں 2022 کے تباہ کن سیلاب کے تناظر میں موسمیاتی تبدیلی، آفات سے نمٹنے، کمزور طبقات کے تحفظ اور پارلیمان کے کردار پر تفصیلی غور کیا جائے گا، جس کی نظامت سینیٹر شیری رحمٰن کریں گی۔ ٹیکنالوجی سے متعلق پلینری سیشن میں خواتین پارلیمنٹرینز کو درپیش آن لائن، ڈیجیٹل ہراسانی اور ڈیپ فیک جیسے چیلنجز زیرِ بحث آئیں گے۔
کانفرنس کے اختتامی اجلاس میں سی پی اے کے سیکریٹری جنرل اسٹیفن ٹوِگ کلیدی خطاب کریں گے، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بطور مہمانِ خصوصی خطاب کریں گے۔ اختتام پر کراچی چارٹر کی منظوری دی جائے گی۔
کامن ویلتھ پارلیمانی کانفرنس کے لیے وفود کی آمد جاری



