کراچی (رپورٹر) کے ایم سی کے ترجمان دانیال سیال نے کہا ہے کہ بیچ ویو پارک کی دیواریں گرانے کا مقصد صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا ہے، پارک کے معاملات کو بہتر بنانے کے لیے دیواریں ہٹائی جا رہی ہیں۔
جمعہ کی شام جاری کیے گئے ایک بیان میں ان کا کہنا تھاکہ شہریوں کو دکھانا چاہتے ہیں کہ ہمارے پارکس کتنے گرین ہیں. انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پارکس بغیر دیواروں کے ہوتے ہیں، کراچی بھی اسی سمت بڑھ رہا ہے، پارکس کو اوپن اور نمایاں بنانے کا عمل جاری ہے۔
دانیال سیال کا کہنا تھا کہ پارکس کی پرائیوٹائزیشن اور کمرشلائزیشن کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ پارکوں کو ترقی دینے کے لیے واضح حکمت عملی پر کام جاری ہے. اسٹاف کی کارکردگی اور سیلف اکاؤنٹیبلیٹی سسٹم کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ترجمان کے مطابق چوری کے الزامات غلط، تمام سریا مکمل طور پر محفوظ ہے،سریا ضرورت کے مطابق تعمیراتی کاموں میں استعمال کیا جائے گا۔
ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی دانیال سیال نے کہا کہ پارکوں کی بحالی اور خوبصورتی کے منصوبوں میں تیزی سے اضافہ کیا جا رہاہے، شہریوں کے لیے پارکوں کا ماحول مزید بہتر بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کہ کہ بے بنیاد افواہوں پر یقین نہ کریں۔
پارکس کی پرائیویٹائزیشن نہیںکر رہے، ترجمان کے ایم سی



