نادرا وفد کی آئی جی سندھ سے ملاقات، حساس کیسز میں ملزمان کی فوری شناخت پر تبادلہ خیال

کراچی (ہینڈ آئوٹ) آئی جی سندھ غلام نبی میمن سے نادرا کے اعلی سطحی افسران پر مشتمل 06 رکنی وفد کی ملاقات میں نادرا اور سندھ پولیس کے درمیان ڈیجیٹل اصلاحات،سہولیات اور کرمنلز ڈیٹا بنک کے قیام کے حوالے سے مختلف امورپر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ہونے والی ملاقات میں وفد کی قیادت چیئرمین ریگولیشنز نادرا ڈاکٹر محمد رحیم اعوان کرررہے تھے جبکہ چیف لیگل افسر منیب چیمہ،ڈائریکٹرجنرل کراچی و نادرا سکھر کے محمد عامر اور دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ڈی جی سیف سٹی اتھارٹی کراچی،ڈی آئی جیز، ہیڈکواٹرز،اسٹبلشمنٹ، آئی ٹی،سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور پولیس کے دیگرافسران شریک تھے۔
سندھ پولیس کے ترجمان سید سعد علی کی طرف سے جاری کیے گئے ہینڈ آئوٹ کے مطابق ڈی آئی جی آئی ٹی نے سندھ پولیس کی جانب سے بنائی گئی مختلف ڈیجیٹل ایپلیکیشنز اور نادرا ڈیٹا بیس کے استعمال کے حوالے سے بریفنگ دی اور کہا کہ نادرا انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں ڈیٹا کلیکشن کو مینیج اور محفوظ کررہا ہے۔ سندھ پولیس نامعلوم چہرے،فنگرپرنٹس اور دیگر ڈیجیٹل فٹ پرنٹ کی شناخت کے لئے نادرا سے مددلے رہی ہے۔ ڈی آئی جی آئی ٹی نے نادرا سے درخواست کی کہ حساس و سنگین نوعیت کے کیسز میں ملوث ملزمان کی شناخت و دیگر معلومات کی فراہمی فوری یقینی بنائی جائے۔
چیئرمین ریگولیشنز نادرا ڈاکٹر محمدرحیم اعوان نے کہا کہ آج کی ملاقات کا مقصد سندھ پولیس میں جاری ڈیجیٹل اصلاحات میں مزید مددفراہم کرنا ہے۔سندھ پولیس عوام کا “فرسٹ پوانٹ آف اٹریکشن”ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ جیلوں میں قید اور پولیس کو مطلوب و مفرور ملزمان کا مشترکہ “کرمنلز ڈیٹا بینک”قائم کیا جائے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں