لیاری ٹائون کے منتخب اراکین کی چیئرمین کے خلاف بغاوت

کراچی (رپورٹر)حکمران پیپلز پارٹی کے سیاسی گڑھ لیاری سے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے لیاری ٹائون کے چیئرمین ناصر کریم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کردی ہے، ٹائون میونسپل کارپوریشن کے میونسپل کمشنر کے پاس جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد پر لیاری ٹائون کے وائس چیئرمین محمد اقبال ہنگورو کے علاوہ ٹائون کونسل کے 14 اراکین نے دستخط کیے ہیں، دیگر میں‌مختلف 9یونین کونسلوں کے وائس چیئرمین اور چار خواتین ارکان شامل ہیں،تحریک عدم اعتماد میں لیاری ٹائون کے چیئرمین ناصر کریم پر ترقیاتی فنڈز میں کرپشن اور بے ضابطگیوں کے الزام عائد کیے گئے ہیں، انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ چیئرمین نے ان کی یونین کونسلوں میں صفائی ستھرائی کرانے کے بجائے سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کی جانب سے ٹائون کو لوٹائے گئے 300 ملازمین کو دہاڑی پر ایک نجی کمپنی کے حوالے کردیا اور ان سے ماہانہ 34 سے 35 لاکھ روپے وصول کر رہے ہیں. اس کے علاوہ چیئرمین نے کاغذات میں‌یونین کونسلوں میں ترقیاتی کاموں پر کروڑوں روپے کے اخراجات ظاہر کیے لیکن عملی طور پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں‌ہوا.چیئرمین لیاری ٹائون پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے اپنے دور میں غیر منتخب اور غیر متعلقہ افراد کو منتخب نمائندوں‌پر مسلط کرکے رکھا اور منتخب نمائندوں‌کو اپنے فرائض کی ادائیگی کے لیے ان سے رجوع کرنے پر مجبور کیا.انہوں نے چیئرمین پر پابندی سے کونسل کے اجلاس بھی نہ بلانے کا الزام بھی عائد کیا ہے، انہوں‌نے میونسپل کمشنر سے کونسل کا اجلاس جلد بلانے اور چیئرمین سے اعتماد کا ووٹ دوبارہ حاصل کرنے کا مطالبہ کیا ہے.
دریں اثنا لیاری ٹائون کے وائس چیئرمین اقبال ہنگورو نے ہمارے نمائندے سے گفتگو رکرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اس صورتحال کے باوجود دو سال تک ساتھ نبھایا، وہ وقتا فوقتا پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کو بھی اس صورتحال سے آگاہ کرتے رہے جن میں نثار احمد کھوڑو اور سعید غنی شامل ہیں لیکن کوئی داد رسی نہ ہونے پر تحریک عدم اعتماد لانے پر مجبور ہوئے ہیں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں