سانحہ گل پلازہ: شہر کی 35 عمارتوں کو سیفٹی نوٹس جاری

کراچی-سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے صوبہ سندھ بھر میں فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے جامع انفورسمنٹ ڈرائیو کا آغاز کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی ہدایت پر صوبے کے تمام ریجنز میں فائر سیفٹی نوٹس جاری کیے گئے ہیں، جس سے واضح کیا گیا ہے کہ یہ کارروائی صرف کراچی تک محدود نہیں۔ ایس بی سی اے کے علاقائی دفاتر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ رہائشی اور کمرشل عمارتوں کا معائنہ کر کے غیر مطابقت کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی مزمل حسین ہالیپوٹو نے بتایا کہ فائر سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کے لیے خصوصی تکنیکی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو عمارتوں میں فائر فائٹنگ آلات کی موجودگی اور فعالیت، ایمرجنسی ایگزٹس کی دستیابی اور فائر الارم سسٹمز کی درست حالت کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے کے بعد فائر سیفٹی معائنوں کے عمل کو مزید تیز کر دیا گیا ہے، جس نے رہائشی اور کمرشل عمارتوں میں فائر سیفٹی انتظامات کی سنگین خامیوں کو اجاگر کیا ڈائریکٹر جنرل کے مطابق ابتدائی مرحلے میں کراچی کے مختلف علاقوں میں 35 رہائشی اور کمرشل عمارتوں کا معائنہ مکمل کیا جا چکا ہے۔ معائنہ ٹیمیں فائر فائٹنگ سسٹمز، ایمرجنسی راستوں، فائر الارم سسٹمز اور مجموعی ایمرجنسی تیاری کا جائزہ متعلقہ بلڈنگ قوانین اور قواعد و ضوابط کے مطابق لے رہی ہیں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں