ریٹائر ملازمین کے لیے خوشخبری: پنشن کیسز بروقت نمٹانے کا جامع نظام متعارف

کراچی(رپورٹر) ا کاؤنٹنٹ جنرل سندھ میانداد راہوجو نے صوبے میں ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازمین کو بروقت پنشن، گریجویٹی اور دیگر واجبات کی ادائیگی یقینی بنانے کے لیے اہم اور عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں آئندہ 12 ماہ کے دوران ریٹائر ہونے والے تمام سرکاری ملازمین کی فہرست پیشگی جاری کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، تاکہ پنشن سے متعلقہ تمام امور وقت سے پہلے مکمل کیے جا سکیں۔
اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق، متعلقہ محکموں کو پابند کیا گیا ہے کہ فہرست میں شامل ملازمین کے تمام ضروری پنشن کاغذات بروقت تیار اور مکمل کیے جائیں۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے دن ہی ان کی پنشن، گریجویٹی اور دیگر قانونی فوائد بغیر کسی تاخیر کے فراہم کیے جا سکیں۔
میانداد راہوجو نے اس حوالے سے تمام متعلقہ محکموں کو باقاعدہ خط ارسال کیا ہے، جس میں واضح ہدایت دی گئی ہے کہ پنشن کیسز کی کارروائی میں تیزی لائی جائے اور غیر ضروری تاخیر یا تکنیکی رکاوٹوں سے ہر صورت بچا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ پنشن کیسز میں تاخیر ریٹائر ہونے والے ملازمین کے لیے شدید ذہنی دباؤ اور مالی مشکلات کا باعث بنتی ہے، جس کا خاتمہ حکومتی ذمہ داری ہے۔
خط میں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ہر محکمہ ایک فوکل پرسن مقرر کرے، جو متعلقہ اکاؤنٹس آفسز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے اور پنشن کیسز کی تکمیل میں حائل مسائل کو فوری طور پر حل کرے۔ فوکل پرسن کی ذمہ داری ہو گی کہ وہ کاغذی کارروائی کی نگرانی کرے اور کسی بھی مرحلے پر رکاوٹ پیدا ہونے کی صورت میں فوری اقدامات کرے۔
اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ میانداد راہوجو کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ایک موثر، شفاف اور ہمدرد عوامی سروس کلچر کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان کے مطابق، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی زندگی کا بڑا حصہ عوامی خدمت میں گزارنے والے ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد مالی تحفظ اور ذہنی سکون فراہم کرے۔
انہوں نے تمام سرکاری اداروں پر زور دیا کہ وہ باہمی تعاون اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تاکہ ریٹائر ہونے والے ملازمین بغیر کسی پریشانی کے اپنی نئی زندگی کا آغاز کر سکیں اور انہیں ان کے جائز حقوق بروقت میسر آ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں