کراچی (رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے جمعرات کو ضلع وسطی کی مختلف یوسیز میں ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیادرکھا، ان کے ہمراہ ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، منتخب بلدیاتی نمائندے،کے ایم سی افسران اور دیگر بھی تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے ضلع وسطی کی یوسی 44، 45، 46 اور 47 میں اندرونی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کا آغاز کردیا۔ جبکہ لیاقت آباد فرنیچر مارکیٹ، غریب آباد اور بھنگوریہ گوٹھ کے علاقے میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے کام تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 205,000 سی ایف ٹی سب بیس اور 220,000 سی ایف ٹی ایگریگیٹ بیس کورس بچھایا جائے گا۔ منصوبے کے تحت 430,000 مربع فٹ پیور بلاکس کی تنصیب کی جائے گی۔ جبکہ 60ایم ایم اور 80ایم ایم کے بلاکس کی تنصیب جاری ہے۔ منصوبے سے علاقے کی ٹریفک روانی اور شہریوں کی آمدورفت میں نمایاں بہتری آئے گی۔
دریں اثنا مرتضیٰ وہاب نے بدھ کی شب رات گئے اولڈ سٹی ایریا کا تفصیلی دورہ کیا، اس دوران انہوں نے برتن گلی، میڈیسن مارکیٹ اور ایوانِ تجارت میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر سینئر افسران نے کام کی پیش رفت پر بریفنگ دی ۔میئر کراچی نے ہدایت دی کہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور کام جلد مکمل کیا جائے۔
مرتضیٰوہاب نے کہا کہ اس یونین کونسل سے ٹی ایل پی کا نمائندہ منتخب ہوا تھا مگر عوامی خدمت پاکستان پیپلز پارٹی انجام دے رہی ہے، انہوں نے کہا کہ تفریق کی سیاست کو ختم کرنا ہوگا، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کراچی بدل رہا ہے۔میئر کراچی نے کہا کہ ہمارا ہدف اولڈ سٹی ایریا کی مکمل بحالی اور اس کی پرانی رونقوں کو واپس لانا ہے۔
تفریق کی سیاست کو ختم کرنا ہوگا، مرتضیٰ وہاب



