کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) نے کلفٹن میں واقع شہید بینظیر بھٹو پارک کا انتظامی کنٹرول کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کو منتقل کر دیا ہے، ایکسپریس ٹربیون کی رپورٹ کے مطابق یہ بات کے ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل آصف جان صدیقی نے بتائی ہے.
شہید بینظیر بھٹو پارک کلفٹن کے اُن تین پارکس میں سے ایک ہے جن کی بیرونی دیواریں کے ایم سی کی جانب سے مسمار کی جا رہی ہیں۔ دیگر دو پارکس باغ ابنِ قاسم اور بیچ پارک ہیں۔
اِن پارکس کی باؤنڈری وال اچانک گرانے پر ایک تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ کلفٹن کے رہائشیوں نے کے ایم سی کے اس اقدام کے خلاف احتجاج شروع کر دیا ہے۔ اُنہیں خدشہ ہے کہ یہ اقدام پارکس کی تجارتی سرگرمیوں کے لیے راہ ہموار کرنے کی کوشش ہے۔ تاہم، کے ایم سی کے ترجمان دانیال سیال نے ایسے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارکس کی بیرونی دیواریں صرف شہر کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے ہٹائی جا رہی ہیں۔
واضحرہے کہ کے ایم سی کے ریکارڈ کے مطابق یہ تینوں پارکس شہر کے بڑے پارکس میں شمار ہوتے ہیں۔ اُن میں سے باغ ابنِ قاسم سب سے بڑا پارک ہے جو 130 ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے.
بینظیر پارک کلفٹن کے ڈی اے سے کے ایم سی کو منتقل



