کراچی، 21 جنوری 2026: برٹش کونسل، WOW فاؤنڈیشن، اقوامِ متحدہ کے ادارے یونائیٹڈ نیشنز پوپولیشن فنڈ (UNFPA) اور انٹرپرینیورشپ اینڈ کمیونٹی ڈیولپمنٹ انسٹیٹیوٹ (ECDI) کے اشتراک سے ویمن آف دی ورلڈ (WOW) پاکستان فیسٹیول کے دس سال مکمل ہونے کی خوشی میں WOW پاکستان 2026 کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ دو روزہ فیسٹیول 24 اور 25 جنوری 2026 کو بیچ لگژری ہوٹل، کراچی میں منعقد ہوگا۔
WOW فیسٹیول خواتین کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے، صنفی مساوات پر بامعنی مکالمے کو فروغ دینے اور خواتین کو درپیش سماجی و معاشرتی چیلنجز پر گفتگو کے لیے ایک منفرد اور جامع پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ فیسٹیول میں خواتین، بچیوں اور خاندانوں کے لیے ثقافت، فنون، موسیقی، مکالمے اور سیکھنے کے مختلف پروگرام پیش کیے جائیں گے۔
برٹش کونسل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن نے کہا: ” ہم WOW پاکستان کے دس سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں اور یہ کراچی میں پہلی تقریب سے شروع ہونے والے اس سفر پر نظر ڈالنے کا ایک اہم موقع ہے۔ خواتین اور بچیوں کو اظہار کا موقع دینا اور فنون و ثقافت کی تبدیلی لانے والی طاقت کو بروئے کار لانا ہی WOW کی اصل روح ہے۔ حقیقی تبدیلی کے لیے ضروری آوازوں کو سننا اب پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔”
WOW پاکستان کی چیئر اور شریک کیوریٹر آمنہ شیخ-فاروقی نے کہا: ” WOW پاکستان کا آغاز خواتین کی آواز کی اہمیت کے ایک پُختہ یقین کے ساتھ کیا گیا تھا۔ جب یہ آواز بغیر کسی معذرت کے سنی جائے تو معاشرہ بدلتا ہے۔ دس برسوں میں ہم نے ایسے مواقع پیدا کیے جہاں خیالات نے جنم لیا، ہم خیال ہوئے اور پیش قدمی کی ، حتیٰ کہ مشکل حالات میں بھی۔ اس سال کا عنوان ‘دستک’ صرف ایک دستک نہیں بلکہ ایک دعویٰ ہے: میں یہاں ہوں۔ دس برس بعد بھی ہم سن رہے ہیں، تخلیق کر رہے ہیں اور ایک ایسے مستقبل کی طرف بڑھ رہے ہیں جس کی تشکیل چند نہیں، بلکہ مشترکہ کئی آوازوں سے کی جائے گی۔”
WOW فاؤنڈیشن کی بانی اور سی ای او جوڈ کیلی (سی بی ای) نے کہا: “جب میں نے WOW کی بنیاد رکھی تو میرا خواب تھا کہ یہ پاکستان میں مضبوطی سے جڑ پکڑے، ایک ایسے ملک میں جہاں خواتین اور لڑکیوں کے لیے رکاوٹیں توڑنے کی ایک بھرپور تاریخ موجود ہے۔ دس سال بعد WOW پاکستان تخلیقی صلاحیت، جرات اور اجتماعی عمل کی ایک روشن مثال بن چکا ہے۔ آج اس موقع پر ہم نہ صرف اب تک کی پیش رفت کا جشن منا رہے ہیں بلکہ آئندہ کے لیے نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔”
WOW پاکستان 2026 کو ہر فرد کے لیے قابلِ رسائی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں اشاروں کی زبان کی سہولت، بریل مواد، اور وہیل چیئر کے لیے موزوں راستے اور ریمپس شامل ہیں۔
برٹش کونسل WOW پاکستان 2026 کی میزبانی کرے گی



