کراچی: اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ، ضلع کورنگی کے ڈپٹی ڈائریکٹر عدیل احمد سہو کی سربراہی میں، جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر مسرور احمد کلہوڑو /انکوائری آفیسر بھی ٹیم کا حصہ تھے، اینٹی کرپشن ٹیم نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن (TMC) شاہ فیصل ٹاؤن میں اچانک چھاپہ مارا۔ڈائریکٹر جنرل اینٹی امتیاز ابڑو کے احکامات پر چھاپے کے دوران پراپرٹی ٹیکس، ایجوکیشن، ڈائریکٹر لینڈ / ایل ٹی آر، ہیلتھ و سینیٹیشن، پارکس، بی اینڈ آر (روڈ کٹنگ)، ایم اینڈ ای، آڈٹ اور ایڈمنسٹریشن سمیت مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔
اینٹی کرپشن ٹیم، جس کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر عدیل احمد سوہو کر رہے تھے، نے متعلقہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جبکہ بعض شعبوں میں سامنے آنے والی مبینہ بے ضابطگیوں پر متعلقہ افسران سے وضاحت طلب کی گئی۔ حکام نے فائل ورک، افسران و عملے کی حاضری اور جاری ترقیاتی و انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق اس کارروائی کا مقصد سرکاری اداروں میں شفافیت کو یقینی بنانا، بدعنوانی کا خاتمہ کرنا اور عوامی وسائل کے درست، قانونی اور مؤثر استعمال کو ممکن بنانا ہے۔ حاصل کیے گئے ریکارڈ کی تفصیلی جانچ کے بعد ذمہ دار افسران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اینٹی کرپشن کا ٹی ایم سی شاہ فیصل ٹاؤن پر چھاپہ



